اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اتنی ہی کرپٹ ہے جتنی دنیا کی دوسری اقوام۔ یہ بات غلط ہے کہ کرپشن کی وجہ سے پاکستان ترقی نہیں کر سکا۔
نجی سرمایہ کاری اور سی پیک سے فوائد اٹھانا کے عنوان پر رپورٹ لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کہتا ہے کہ پاکستانی قوم کرپشن کی وجہ سے ترقی نہیں کرسکی، غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اتنی ہی کرپٹ ہے، جتنی دنیا کی دوسری اقوام۔
احسن اقبال نے کہا کہ 75 سال پورے ہونے کے موقع پر ہمیں سوچنا ہو گا کہ ہم نے اہداف پورے کیے یا نہیں؟۔ کیا وجہ ہے کہ دوسرے ممالک ہم سے آگے نکل گئے؟۔ بحیثیت قوم بیماری کی تشخیص درست کی جائے تو علاج بھی درست ہو جائے گا۔ سیاسی عدم استحکام سے ملک میں ترقی نہیں ہو سکتی۔ معیشت میں استحکام آتا ہے تو درآمدات بڑھنے سے ادائیگیوں میں استحکام نہیں رہتا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے مزید کہا کہ سی پیک 2013ء میں کاغذ کا ٹکڑا تھا ۔ چینی حکومت اور سرمایہ کاروں نے پاکستان میں اس وقت سرمایہ کاری کی جب مقامی سرمایہ کار ،سرمایہ کاری پر تیار نہ تھا۔ پانچ سال میں چین سے 29 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔ چین اپنی مارکیٹوں تک رسائی کے ساتھ مزید سرمایہ کاری کرنے کو بھی تیار ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تھرکول سے 400 سال کے لیے بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ چین نے تھر کول میں آکر سرمایہ کاری کی۔ 2013ء میں انفرا اسٹرکچر اور انرجی کے مسائل کا سامنا تھا ۔ سی پیک صرف بجلی اور انفرا اسٹرکچر کا منصوبہ نہیں، سی پیک اسٹریٹیجک منصوبہ ہے۔ ہمیں غلطیوں سے سیکھنا ہو تاکہ مزید غلطیاں نہ کریں۔ سی پیک گیم چینجرثابت ہو گا۔