انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرالیکشن کمیشن کاعمران خان ، اسد عمر پر  جرمانہ عائد  

330

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفسیر لوئر دیر کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عائد 50،50ہزارروپے جرمانے کے خلاف اپیلیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کرتے ہوئے انہیں جرمانہ اداکرنے کا حکم دیا ہے۔

بدھ کے روز چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے عمران خان اور اسد عمر کی جانب سے ڈی ایم او لوئر دیر کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عائد 50،50ہزار روپے جرمانے کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت عمران خان اور اسد عمر کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہ ہوا۔

الیکشن کمیشن نے دونوں پی ٹی آئی رہنمائوں کی اپیلیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کرتے ہوئے انہیں جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سابق وزیر اعظم اور اسد عمر کو جرمانہ کیا تھا۔

ڈی ایم او لوئر دیر نے عمران خان کو بطور وزیر اعظم اور اسد عمر کو بطور وزیر انتخابی جلسہ میں شرکت سے روکا تھا لیکن دونوں نے جلسہ سے خطاب کیا جس پر انہیں جرمانہ کیا گیا تھا۔

دونوں پی ٹی آئی رہنمائوں نے جرمانے کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کیا تھااور جرمانہ ختم کرنے کی استدعا کی تھی۔