کراچی کی احتساب عدالتوں میں ججز کی کمی، سندھ ہائی کورٹ کا وفاق سے جواب طلب

330

 کراچی کی احتساب عدالتوں میں ججز کی کمی سے متعلق نوٹس کی سماعت کے دوران ججز کی تقرری پر جواب جمع نہ کرانے پر سندھ ہائی کورٹ نے اظہارِ برہمی کیا ہے اور وفاقی حکومت کو اس حوالے سے 12 ستمبر تک مہلت دیدی ہے۔

عدالتِ عالیہ نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر کہا گیا تھا کہ تقرری کے لیے سمری صدرِ مملکت کو بھیج دی گئی ہے۔جسٹس جنید غفار نے کہا کہ ہر سماعت پر نیا ڈپٹی اٹارنی جنرل آ جائے گا تو کیس نہیں چلائیں گے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی میں کیوں تاخیر ہو رہی ہے ؟۔

نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ 3 نمبر کورٹ کے جج کی مدتِ ملازمت ختم ہو چکی ہے اور کورٹ خالی ہے، اسی عدالت میں تقریباً 40 ریفرنسز زیرِ التوا ہیں، مزید 5 عدالتیں قائم کی گئیں لیکن صرف کورٹ نمبر 6 کام کر رہی ہے، وفاقی حکومت کا جواب آ جائے پھر فیصلہ کر دیں گے۔

نیب حکام نے یہ بھی بتایا کہ کراچی میں 10 احتساب عدالتیں قائم ہیں جن میں سے صرف 4عدالتیں اس وقت کام کر رہی ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو جواب کے لیے 12 ستمبر تک مہلت دے دی ہے۔