وزیراعظم کی قوم سے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے اپیل

244
بلدیاتی ایکٹ: پیپلز پارٹی وعدے سے مکر گئی، ایم کیو ایم کا وزیراعظم سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد:  وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم آگے بڑھ کر ہاتھ بٹائے تو ہم کئی گنا زیادہ رفتار سے متاثرین کی جلد امداد اور بحالی میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہاکہ  ایثاراور قربانی میں ہماری قوم دنیا میں سب سے آگے ہے، میں آپ سے تعاون کی درخواست کرتا ہوں، ملک میں بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹنے سے خاص طور پر بلوچستان اور سندھ میں تباہی وبربادی سے قیامت صغری کا منظر ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ سینکڑوں پاکستانی سیلاب کی بے رحم موجوں کی نذر ہوکراپنے پیچھے جدائی کا غم چھوڑ گئے ہیں۔ سینکڑوں زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کرتے ہیں،بہت بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتوں ، وفاقی وصوبائی اداروں اور مسلح افواج کے بھرپور تعاون سے ہم سب مل کر دن رات کام کررہے ہیں۔ مجموعی طور پر 37.2 ارب روپے سیلاب زدگان کے لئے مہیا کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  میں نے فی الفور 5 ارب روپے کی رقم این ڈی ایم اے کو جاری کروائی ہے تاکہ ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے اقدامات میں تیزی آئے۔ ہر جاں بحق فردکے خاندان کو10 لاکھ ، زخمیوں ، گھروں کے گرنے اور دیگر نقصانات پر زرتلافی کے علاوہ متاثرین کو25 ہزار روپے نقد کی ادائیگی بڑے پیمانے پر جاری ہے جس کے لئے 80 ارب روپے سے زائد درکار ہیں۔