کرسی کی جنگ سیلاب متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے، سراج الحق

366
Chair battle

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے مشکل ترین حالات میں لاکھوں انسانوں کو بے یارومددگار چھوڑ دیا۔ کرسی کی جنگ میں مصروف حکمران جماعتیں سیلاب متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہیں

سراج الحق کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاعات کے باوجود وفاقی و صوبائی حکومتوں نے لوگوںکی نقل مکانی اور سامان کی حفاظت کے اقدامات نہیں کیے۔ باپردہ خواتین سڑکوں پر آ گئیں،کھانے کے لیے روٹی، رہنے کے لیے چھت نہیں، مکانات پانی میں بہہ گئے، مویشی چارہ نہ ہونے کی وجہ سے بھوکے مر رہے ہیں۔ تین دن سے جنوبی پنجاب میں ہوں، ہزاروں خاندانوں کو دیکھا جو اپنے بچوں اور بہنوں بیٹیوں کے ساتھ کھلے آسمان کیے نیچے سونے پر مجبور ہیں۔ پانی سے مساجد شہید، قبرستان بہہ گئے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ میں حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ سیلاب متاثرین پاکستانی ہیں، ٹیکس دیتے ہیں ان کی مدد کیوںنہیں کی جارہی، لوگوں کو بھیک نہیں اپنا حق چاہیے۔ حکومت فی الفور متاثرین کے نقصانات کے ازالہ کے لیے اقدامات کرے۔ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز ختم اور ٹیرف کو کم کیا جائے۔ مہنگائی کے مارے عوام پر ماہانہ بل آفت بن کر نازل ہوتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے سب سے پہلے مہنگے بلوں کے خلاف آواز بلند کی۔ آج جگہ جگہ مظاہرے ہو رہے ہیں، عوام اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ ظالمانہ ٹیکسز کو عدالتوں میں چیلنج، اوگرا اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا گھیراﺅ بھی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کے لیے چوکوں، چوراہوں، گلی کوچوں میں جدوجہد جاری رہے گی۔ جماعت اسلامی سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھی حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کو ایکسپوز کر رہی ہے۔ عوام کے حقوق پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو ڈی جی خان، تونسہ اور راجن پور کے سیلابی علاقوں کے دورہ کے موقع پر متاثرین سے گفتگو اور مظفرگڑھ میں بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کی شمولیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے سازش کے تحت ملک کو استعمار کی غلامی میں دھکیل دیا ہے۔ عوام غیر ملکی آقاﺅں کی تابعداری کرنے والے جاگیرداروں، وڈیروں اور ظالم سرمایہ داروں کو مسترد کر کے اہل اور ایمان قیادت کو منتخب کرے گی تبھی پاکستان حقیقی معنوں میں استعماری طاقتوں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی سے آزاد ہو گا۔ ملک کے مسائل کا حل اسلامی انقلاب میں ہے اور جماعت اسلامی اسی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔