موجودہ حکومت عوامی رابطہ مہم میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے ،شاہ محمود قریشی

275

اسلام آ باد: وائس چیئرمین پی ٹی آئی وسابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرد یا ہے ،گزشتہ روز راولپنڈی میں تاریخی جلسہ تھا، آگے پورا ہفتہ جلسوں کا شیڈول جاری ہے ، موجودہ حکومت عوامی رابطہ مہم میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے ، یہ حرکت بالکل سیا سی حرکت ہے ، یہ جنونی حکومت کو زیب نہیں دیتی ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آمریت میں بھی ایسانہیں ہوتاجو نام نہاد حکومت میں ہورہا ہے ، عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔ ضمنی الیکشن میں پنجاب کی عوام نے بھی واضح فیصلہ دے دیا ہے ، گزشتہ روز کراچی کے عوام نے بھی عمران خان کے بیانیے پر مہر لگادی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک طرف جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار فتح سے ہمکنار ہوئے ، کراچی کی عوام نے واضح کہہ دیا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔ مناسب حل یہ ہے کہ موجودہ حکومت خلا پر قائم نہ رہے ، ملک کو سیاسی استحکام کی شکار نہ کرے ، اس سے ملکی معیشت کو نقصان ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ فی الفور انتخابات کروائے جائیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کے راستے میں رکاوٹ نہ بنیں، اگر رکاوٹ ڈالی گئیں تو عوام قانونی وآئینی طور پر حکومت وقت کا سیاسی میدان میں مقابلہ کریں گی ۔