جج کو دھمکی: اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ

489

اسلام آباد: ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری کے خلاف توہین آمیز بیان پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی جانب سے  خاتون سیشن جج زیبا چودھری کو دھمکی دینے کے معاملےکا نوٹس لے لیا ہے، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں لارجر بینچ کل (بروز منگل) سماعت کرے گا۔  بینچ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار بھی شامل ہیں۔

ہائی کورٹ کے تمام ججز نے مشاورت کے بعد عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جلد شوکاز نوٹس جاری ہونےکا امکان ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں شہباز گل کی رہائی کے لیے منعقدہ ریلی میں خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد کی مقامی عدالت کی مجسٹریٹ زیبا چودھری، آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘ہم تمھیں دیکھ لیں گے اور تمھارے خلاف کارروائی کریں گے’۔