اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بارش کی تباہی اور سیلاب سے متاثر تقریبا 15 لاکھ خاندانوں کو فوری طور پر ریلیف پہنچانے کیلئے ہر متاثرہ گھر کو 25 ہزارروپے امداد دینے فیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بڑا مستند ادارہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کو امدادی رقم کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کااغاز کیا جارہا ہے کیونکہ ملک کے طول و عرض میں بارشوں نے تباہی مچائی اور سیلاب نے وسیع و عریض علاقوں کو زیر آب کیا، سیکڑوں لوگ اللہ کو پیارے ہو گئے، جن میں بچے اور بچیاں ماؤں کی گود سے اجڑ گئے اور ہزاروں لوگ زخمی ہوئے، مال مویشی اور پورے ملک میں انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہاکہ صوبہ بلوچستان میں سیلاب سے سب سے زیادہ تباہی ہوئی، وہاں پر سیکڑوں لوگ اللہ کو پیارے ہوئے اور افواج پاکستان کے افسر اور جوانوں نے بھی خون کا نذرانہ پیش کیا اور 6 افسران بشمول کور کمانڈر کوئٹہ شہید ہوئے، میں خود جگہ جگہ پہنچا اور اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین جنرل اختر نواز اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور صحت کے صوبائی محکموں اور متعلقہ اداروں نے مل کر فی الفور ریسکیو اور ریلیف آپریشن شروع کیا۔
انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے مجھے بتایا کہ اندورن سندھ میں شدید بارشیں شروع ہو چکی ہیں، اسی طرح وفاقی وزیر مجھے بتا رہے تھے کہ کس طرح موسیٰ خیل میں بارشوں نے تباہی مچائی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایسا وقت ہے کہ پوری قوم کو متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرنا ہے، الحمد اللہ ہم صوبوں کے ساتھ مل کر اس مشکل گھڑی کا مقابلہ کررہے ہیں۔