پولیو ایک خطرناک مرض ہے،اس کا دنیا سے وجود ختم ہوچکا ہے، وزیراعظم 

294

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا یہ کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے جس کا دنیا سے وجود ختم ہوچکا ہے‘ پاکستان میں بھی اس موذی مرض کا تقریباً خاتمہ ہوچکا تھا لیکن اب بھی ملک کے دور دراز علاقوں میں اس کے کیسز سراٹھا رہے ہیں جس کا خاتمہ یقینی بنانا ہے۔

 انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ ملک کے تابناک مستقبل کے لئے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ ان کے معذوری کے خدشات کو دور کیا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں پولیو ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے بل گیٹس کی این جی او اور روٹری کلب کا شکر گزار ہوں جو پولیو کے خاتمے کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا میں اس موقع پر چاروں صوبوں  بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کا بھی شکر گزار ہوں کہ وہ اس کو قومی خدمت کا فریضہ سمجھ کر سرانجام دے رہے ہیں۔ میں اس موقع پر پولیو ورکرز کی کاوشوں کو بھی سراہوں گا جو نہ صرف وفاق  ‘ صوبوں بلکہ دور دراز کے علاقوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پولیو قطرے پلانے کے دوران  بعض پولیو ورکرز اور سیکورٹی اداروں کو نشانہ بھی بنایا گیا جس سے ان کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور اس مقدس فریضہ میں انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے اس کے خاتمے کو یقینی بنانا  ہے اور ہم سب کو مل کر اس کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔