سپریم کورٹ کا فیصلہ : اہل کراچی میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے ، حافظ نعیم الرحمن

299

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد یقینی اور اہل کراچی میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے،28اگست ووٹ کی طاقت اور عوام کے فیصلے کا دن ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  اہل کراچی ان پارٹیوں کو مسترد کردیں،جن کی نااہلی وناقص کارکردگی کے باعث ہی شہر کی موجودہ ابتر حالت ہوئی ہے،کے الیکٹرک وفاق سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی مفت لینے اور تمام ٹیکس وصول کرنے کے باوجود شہریوں پر لوڈ شیڈنگ کا عذاب ختم کرنے کو تیار نہیں ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام،نوجوانوں،تاجر سمیت تمام طبقات کے لوگوں سے اپیل ہے کہ اتوار21اگست کو شام 4بجے حسن اسکوائر پر ’’حقوق کراچی مارچ‘‘میں شرکت کریں،جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک کراچی کے ہر زبان بولنے والے اور ہر شہری کے حقوق کی تحریک ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کے سندھ اسمبلی کے سامنے 29روزہ تاریخی دھرنے کے نتیجے میں جو معاہدہ ہوا تھا اور اس کے مطابق جو اختیارات بلدیاتی اداروں کو ملنے چاہیئے تھے اب پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر اختیارات واپس لینا چاہتی ہے۔

امیر جما عت اسلامی کراچی  نے کہا کہ  ایم کیو ایم،پیپلزپارٹی اور نواز لیگ کے ساتھ ایک پیکیج ڈیل کے تحت حکومت میں شریک ہے اور جس طرح 2013میں کراچی کے بلدیاتی ادارے سندھ حکومت کو دیے تھے ایک بارپھر پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر کراچی کو تباہ وبرباد کرنے کی سازش کی جارہی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کامائنڈ سیٹ یہی ہے کہ اختیارات پر قبضہ کر کے حکمرانی کی جائے جو گزشتہ کئی سالوں سے کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر اس وقت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے،باران رحمت حکومت کی نااہلی کی وجہ سے زحمت بن جاتی ہے، شہری سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے سخت پریشان ہیں اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں۔