یوم آزادی: 75 روپے کے یاد گاری نوٹ کا ڈیزائن جاری

957

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 75ویں جشن آزادی کی مناسبت سے 75 روپے کا یادگاری نوٹ کا ڈیزائن جاری کردیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر یادگاری نوٹ جاری کیا جارہا ہے۔ نوٹ کی مالیت آزادی کے سال کی مناسبت سے 75 روپے ہے۔کرنسی نوٹ کی لمبائی 65 147 ملی میٹر جب کہ چوڑائی 65 ملی میٹر ہے۔ جاری کئے گئے نئے نوٹ کا رنگ سبز اور سفید رنگ کا امتزاج ہے۔

یادگاری نوٹ کے اگلے حصے پر قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، سر سید احمد خان اور فاطمہ جناح کی تصاویر ہیں۔

مرکزی بینک کے مطابق بینک نوٹ کے سامنے کی جانب ایسی شخصیات کا انتخاب کیا گیا، جنہوں نے جدوجہد آزادی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس مقصد کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح، سرسید احمد خان، علامہ محمد اقبال اور محترمہ فاطمہ جناح کی تصاویر منتخب کی گئیں تاکہ یہ شخصیات بانیان پاکستان کی جدوجہد کی نمائندگی کریں۔اس کے علاوہ نوٹ کے دوسری طرف مارخورکی تصویر ہے، جو ماحولیاتی پائیداری پر ہماری توجہ کو مرکوز کرتی ہے۔

75 روپے کا یادگاری نوٹ 30 ستمبر 2022 سے عوام کے لیے دستیاب ہوگا ۔

نوٹ پر سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کے دستخط ہیں جبکہ کرنسی نوٹ 30 ستمبر سے عوام کے لیے جاری ہوگا، 75 روپے کا یادگاری نوٹ دیگر کرنسی نوٹوں کی طرح تمام تر سیکورٹی فیچرز سے لیس ہے۔