وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کا ٹیلیفونک رابطہ، محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت

450

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے

 میڈیا رپورٹس کے مطابق بات چیت میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے مواقع اور مختلف شعبوں کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم نے بات چیت میں خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا جبکہ سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کو 75 ویں یوم آزادی کی مبارک باد دی۔

دونوں ر ہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان -سعودی عرب کے مابین برسوں پر محیط مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کے اپریل 2022 کے دورے کے دوران لئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

 وزیرِ اعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے جلد دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔