تمام مسائل کا حل گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ میں ہے، راجا پرویز اشرف

311

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ تمام مسائل کا حل ایک گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ میں ہے،اب تمام اداروں ،پارلیمان سب کو بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 75سال میں ہم نے ایک دوسرے میں بہت کیڑے نکالے۔ہم بحیثیتِ قوم کوئی قومی مقاصد سامنے رکھ کر ایک نہیں ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام مسائل کا حل ایک گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ میں ہے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ اب تمام اداروں ،پارلیمان سب کو بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔ نفرت باہر نکال کر پھینکیں،اب ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے استعفوں پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر کیلئے استعفے منظور کرنا سب سے ناپسندیدہ ہے۔استعفے منظور کرنے کیلئے رولز بہت سخت ہیں۔تحریک انصاف کے اکثر رہنما اسمبلی واپس آنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے استعفوں میں 50فیصد لوگوں کے دستخط نہیں مل رہے تھے۔5،6ممبران نے استعفے دیئے ہی نہیں تھے۔ کم از کم 12سے14ممبران کہہ چکے ہیں کہ وہ استعفی نہیں دینا چاہتا۔ 4،5 ممبران نے چھٹی کی درخواست بھیج دی ہے۔ 2،3ممبران نے یہ لکھ کر بھیج دیا کہ ان کے دستخط کسی نے جعلی کر کے دیئے۔