ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کی کینٹین میں مضر صحت اور غیر معیاری اشیا شکایات کے باوجود فروخت جاری

294

سرگودھا: انتظامیہ کی عدم توجہی اور فوڈ اتھارٹی کی مبینہ ملی بھگت سے ٹیچنگ ہسپتال کی کینٹین میں مضر صحت اور غیر معیاری اشیاکی مہنگے داموں فروخت کا سلسلہ شہریوں کی شکایات کے باوجود دھڑلے سے جاری ہے ۔

ذرائع کے مطابق قبل ازیں فوڈ اتھارٹی نے مریضوں کے لواحقین کی شکایت پر کاروائی کر کے کینٹین سیل کی تھی مگر مبینہ ساز باز کر کے مختصر جرمانہ کی ادائیگی کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا گیا۔

ہسپتال میں اصلاح و احوال کی بجائے غیر معیاری اور مضر صحت اشیاکی مہنگے داموں فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے ،یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ہسپتال کے ڈاکٹرز متعدد مرتبہ میڈیکل سپرٹینڈنٹ کو اس کی نشاندہی کر چکے ہیں، مگر کینٹین ٹھیکیدار ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں ہے۔

 ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے لواحقین نے بتایا کہ کھانے پینے کی بیشتر اشیاباسی ہوتی ہیں، جنہیں مختلف طریقوں سے دوبارہ قابل استعمال بنا کر لوگوں کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے ۔

 شکایت کرنے پر ٹھیکیدار اوراسکے کارندوں کا رویہ بھی انتہائی نا روا ہوتا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں، انہوں نے کمشنر وڈپٹی کمشنر سے نوٹس لے کر سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔