اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے مصر کے چرچ میں آتشزدگی سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ مصر کے چرچ میں آتشزدگی کے واقعے میں ہلاکتوں پر افسوس ہے۔
جاری کردہ ٹوئٹ میں وزیراعظم شہباز شریف لکھتے ہیں کہ پاکستان کی طرف سے صدر السیسی اور لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ چرچ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔واضح رہے کہ مصر کے ایک چرچ میں آگ لگنے اور بھگدڑ مچنے کے باعث 41 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اہرام مصر کے لیے مشہور الجیزہ شہر میں پیش آیا جہاں ایک مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے 5 ہزار افراد جمع تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کا واقعہ دعائیہ تقریبات کے دوران پیش آیا، واقعے کے وقت گرجا گھر میں پانچ ہزار افراد موجود تھے اور آگ لگنے کے بعد وہان بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں کئی افراد پیروں کے نیچے آکر کچلے گئے۔