لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں نشیب و فراز آتے رہے ہیں، پنجاب حکومت امریکہ کے ساتھ بہترین تعلقات کی خواہاں ہے، پاکستان پرامن ملک ہے،ہمسایہ ملکوں سے اچھے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں ، پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کوآئین کے مطابق یکساں حقوق حاصل ہیں۔
وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے امریکہ کے قونصل جنرل ولیم کے میکانیول کی ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں امریکی قونصل جنرل نے وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پرچودھری پرویز الہی کو مبارکباد دی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں نشیب و فراز آتے رہے ہیں لیکن پنجاب حکومت امریکہ کے ساتھ بہترین تعلقات کی خواہاں ہے۔ چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن ملک ہے،ہمسایہ ملکوں سے اچھے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں جبکہ پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کوآئین کے مطابق یکساں حقوق حاصل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت لوگوں کی فلاح وبہبود کو محور بنا کریکساں ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ دوسری جانب امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ امریکی قونصل جنرل کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔