راولاکوٹ: جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاہے کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد پوری قوم کا متفقہ مطالبہ ہے۔
مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدتوں بعد عدالت عظمیٰ نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی نوید سنائی اور الیکشن کمیشن نے ہوم ورک مکمل کرکے تاریخ بھی تجویز کی جو احسن اقدام ہے،حکومت عدالت اعظمیٰ کے فیصلے کے مطابق بروقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے فرار یا التواجماعت اسلامی اور عوام قبول نہیں کریں گے۔ بلدیاتی اور طلبہ یونینز کے انتخابات نہ ہونے کے باعث سیاسی قیادت کی تیاری کا عمل بری طرح متاثر ہے،سیاسی جماعتوں اداروں او رسماج کے اندر اس کمی کو شدت سے محسوس کیا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت بلدیاتی انتخابات کراکر اختیارات اوروسائل نچلی سطح پر منتقل کرے تاکہ عوامی مسائل حل ہوں ۔
ڈاکٹر خالد محمود خا ن نے خبردار کیاہے کہ بلدیاتی انتخابات کے التوا یا اس سے فرار کی سازش کی گئی تو جماعت اسلامی اور قوم قبول نہیں کرے گی،اگرحلقہ بندیوںاور ووٹر لسٹوں میں سقم ہیں تو ان کوفوری طورپر دور کیاجائے تاکہ بلدیاتی انتخابات عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق بروقت ہوں۔