اسد قیصر نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نوٹس کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

304

 پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نوٹس کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کرانے آیا بلکہ نوٹس کے خلاف آیا ہوں، یہ اکاؤنٹ غیر قانونی نہیں ہے بلکہ ہم نے صرف سہولت کے لئے ، ملازمین کی تنخواہوں اور دفتر کے اخراجات کے لئے کھولا تھا۔

اسد قیصر نے کہا کہ اس اکاؤنٹ سے چھ سال میں صرف 21 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے، رقم جمع کرنے اور نکالنے کے تمام امور بذریعہ چیک ہوئے ہیں، اس کیس کی انکوائری ایف آئی اے کا اختیار نہیں ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارٹی اس وقت ایک تحریک کے عمل سے گزر رہی ہے، ہم کسی کے غلام نہیں بلکہ آزاد خارجہ پالیسی چاہتے ہیں۔

شہباز گل سے متعلق پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ فوج کےخلاف (ن) لیگ، مولانا فضل الرحمان نے جو لہجہ استعمال کیا ان کے خلاف بھی پرچے ہونے چاہئیں، قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں، فوج کے خلاف جو بھی بات کرے ان کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں  نے کہا کہ شہباز گل کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ان کے خلاف ثبوت ہے توعدالت میں پیش کیا جائے،عدالت میں اس کا فیصلہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی اس وقت ایک تحریک کے عمل سے گزر رہی ہے۔