لاہور: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اسد عمر نے شہباز گل کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کے معاملے میں قانون کی غلط تشریح کی گئی، ہم نے طاقتور لوگوں سے پنجاب کا اقتدار چھینا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ بند کمرے میں بیٹھ کر لوگوں کے ضمیر خریدے گئے، عمران خان کی کال پر قوم بار بار نکلتی رہی، پنجاب ضمنی الیکشن کے بعد امپورٹڈ حکومت خوف میں مبتلا ہوگئی ہے، پاک فوج اور تحریک انصاف میں خلیج بنانے کا بیانیہ بنایا جا رہا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے جو بات کی ہوسکتا ہے آپ کو اس سے اختلاف ہو مگر طاقت کا استعمال مناسب نہیں،الیکشن کمیشن نے جھوٹے بیان حلفی پر فیصلہ سنایا، روزانہ پریس کانفرنسز میں فارن فنڈنگ کا معاملہ اٹھتا رہا، الیکشن کمیشن نے خود فارن فنڈنگ کا لفظ استعمال کرنا چھوڑ دیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان نے بیان حلفی نہیں دیا وہ سرٹیفکیٹ ہے، فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے حوالے سے آج ہم عدالت میں پٹیشن جمع کروا رہے ہیں جو اب تک جمع کروا دی جا چکی ہے، اس پٹیشن کے نکات بتانے سے پہلے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں پیش آنے والے واقعات کے حوالے سے بات کرنا چاہتا ہوں کیونکہ یہ دونوں معاملات ایک دوسرت سے جڑے ہوئے ہیں۔