لاہور: سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں غیر معمولی اضافہ اور بلوں میں طرح طرح کے ٹیکسز شامل کرنے کے خلاف جماعت اسلامی جمعہ سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی۔
منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام پر ظلم کے خلاف تمام بڑے چھوٹے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ حکومت صارفین سے بجلی کی اصل قیمت وصول کرے، عوام ٹیکسز کی صورت میں بلوں میں شامل ساٹھ فیصد تاوان مزید نہیں بھریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کے دبائو پر غریب عوام کو قربانی کا بکرا بنانے کا آزمودہ نسخہ اب کارگر نہیں ہو گا۔ غریبوں کو نشانہ بنانے کی بجائے حکمران اور مراعات یافتہ طبقہ اپنے اثاثے اور لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لائے۔
امیرالعظیم نے مزید کہا کہ احتجاجی تحریک کا مرکزی جلسہ پشاور قصہ خوانی بازار میں ہو گا جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں بھی مظاہرے ہوں گے جن میں مہنگائی اور بے روزگاری سے ستائے عوام کی بڑی تعداد شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد میں 15اگست کو جب کہ لاہور میں لیسکو ہیڈکوارٹر کے سامنے 17اگست کو احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حق کے لیے آواز بلند کرے اور تحریک کا حصہ بنیں۔