اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج میرے اسلام آباد میں واقع گھر اور لال حویلی پر گرفتاری کے لیے چھاپا مارا گیا، اگر بغیر وارنٹ گرفتار کی کوشش کی گئی تو اپنا دفاع کروں گا۔
اپنے وڈیو پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ 10 محرم کے دن یزیدی قوتوں نے میرے اسلام آباد کے گھر میں 4 پولیس گاڑیوں کے ساتھ چھاپا مارا جبکہ لال حویلی میں سفید کپڑوں کا پورا دستہ بھیجا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں جیل سے گھبرانے والا نہیں بلکہ جیل تو ہمارا سسرال، ہتھکڑی زیور اور موت میری محبوبہ ہے۔ میں نے اپنا بیگ تیار کرلیا ہے، جس میں دوائی، ٹوتھ پیسٹ سمیت تمام سامان ہے۔ آپ کو گرفتار کرنا ہے تو آئیں اور وارنٹ دکھائیں میں ساتھ چلوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر وارنٹ کے بغیر گرفتاری کی کوشش کی گئی تو میں آئینی اور قانونی طور پر اپنے مکمل دفاع کا حق رکھتا ہوں۔ شیخ رشید نے اپنے وڈیو پیغام میں مزید کہا کہ مجھے جیلوں سے نہ ڈرایا جائے۔ عمران خان سے دوستی ہر قیمت پر نبھاؤں گا، ہم نے سات سال پہلے ہی کلاشنکوف کے مقدمے میں جیل میں گزارے ہیں تو کوئی خوف یا ڈر نہیں ہے۔
دوسری جانب پولیس کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ چھاپے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے، سیاسی لیڈرز کی گرفتاریوں کے متعلق پراپیگنڈہ مہم چلائی جارہی ہے۔اسلام آباد کیپٹل پولیس کے ترجمان سے جاری شدہ خبر ہی تصدیق شدہ ہوگی،شہریوں سے گزارش ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔