محرم الحرام قربانی اور حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے، دردانہ صدیقی

344

کراچی: جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے 10 محرم الحرام یوم عاشور کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ حضرت امام حسین کی جدوجہد اورقربانی ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے، محرم الحرام ہمیں قربانی اور حق و سچ پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے۔

دردانہ صدیقی نے کہا کہ ماہ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام و مشائخ عظام کو بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خاندان نبوت اور حضرت امام حسین کا صبر و رضا، اعلائے کلماللہ، جرات واستقامت اور حق کے لئے ہر باطل قوت سے ٹکرا جانا ایک ایسا کردار ہے جس نے تاریخ میں امت مسلمہ اور ایمانی جذبوں کو زندہ جاوید کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معرکہ کربلا حق و باطل کی کشمکش ہے جو آج بھی جاری ہے۔ حضرت امام حسین کی لازوال قربانی،ثابت قدمی اور استقامت کی یہ مثال ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔  امام عالی مقام اور اہل بیت کی قربانیوں کا سب سے بڑا درس یہ ہے کہ ذاتی جذبات و خواہشات اور مفادات کو کسی بھی عظیم مقصد کے حصول کے لیے قربان کردیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کے حالات میں جب وطن عزیز بیرونی دبا وکا شکار ہے اور چاروں طرف سے دشمن قوتوں کے گھیرے میں ہے توہمارا فرض ہے کہ داخلی طور پر رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کیا جائے اور امت میں انتشار پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائے یہی وقت کی ضرورت ہے۔

دردانہ صدیقی نے کہا ہمیں چاہیے کہ ہم ہر دور میں سچ اور انصاف کا ساتھ دیں دین اسلام کے جن اصولوں کی خاطر حضرت امام حسین  اور آل رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے شہادت پیش کی ان اصولوں کی علمبرداری کے لئے ہم بھی کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔