ڈیرہ غازی خان: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، متاثرین کے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے جوائنٹ سروے کی ضرورت ہے، صوبوں کو ملنے والی امدادی رقم سیلاب متاثرین پر خرچ ہونی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم شہباز شریف حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کی تباہی سے متاثر ہونے والے علاقوں کے دورے پر ڈیرہ غازی خان پہنچے۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، معاونِ خصوصی عطا اللہ تاررڑ، رکنِ قومی اسمبلی سردار ریاض محمود خان مزاری، اسلم بھوتانی اور نیشنل ڈیزازٹر مینجمنٹ کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔
ڈی جی خان آمد پر انتظامیہ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو وہاں سیلاب متاثرین کی جاری مدد پر تفصیلی طور پر بریفنگ دی گئی۔ این ڈی ایم اے حکام نے وزیراعظم کو سیلاب کی تباہ کاریوں اور اقدامات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
بریفنگ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، متاثرین کے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے جوائنٹ سروے کی ضرورت ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبوں کو ملنے والی امدادی رقم سیلاب متاثرین پر خرچ ہونی چاہیے۔