راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا رسالپور اور نوشہرہ کا دورہ، ملٹری کالج آف انجینئرنگ رسالپور، کاونٹر آئی ای ڈیز ایکسپلوزیو منیشن اسکول سمیت اہم تنصیبات کا دورہ، اسکول آف آرمر اینڈ میکانائزڈ وارفیئر نوشہرہ کا دورہ کرکے جدید وی ٹی 4 ٹینک کے نئے ٹریننگ کمپلیکس کا افتتاح کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے رسالپور اور نوشہرہ کا دورہ کیا، آرمی چیف نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، آرمی چیف کو ملٹری کالج آف انجینئرنگ رسالپور کے ٹریننگ ماڈیولز و تنصیبات، کامبیٹ اور سول انجینئرنگ امور کار سمیت کاونٹر آئی ای ڈیز اسکول (سمز)سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، سمز میں مسلح افواج، پولیس اہلکاروں اور دوست ممالک کے اہلکاروں کو کاونٹر آئی ای ڈیز ٹریننگ دی جاتی ہے، اسی تربیت کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز نے انسداد دہشت کے کامیاب آپریشن کئے ہیں، جس میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بارودی سرنگیں تلاش کرکے تلف کرنے میں مدد ملی، آرمی چیف نے کالج کی اسٹرکچرل لیب کا بھی دورہ کیا۔ بعدازاں آرمی چیف نے انٹرنیشنل پیسرز مقابلوں کی فاتح ٹیم سے بھی ملاقات کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور آف انجینئرنگ کی مہارتوں اور صلاحیتوں کی تعریف کی، آرمی چیف نے اسکول آف آرمر اینڈ میکنائزڈ وار فئیر نوشہرہ کا بھی دورہ کیا، جہاں آرمی چیف کو تربیتی امور اور جنگی ضروریات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے وی ٹی فور ٹینک ٹرینگ کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا، جہاں جدید کمپلیکس میں افسران اور جوانوں کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کی جارہی ہے، آرمی چیف نے اس موقع پر سینٹر آف ایکسلنس فار میکنائزڈ وار فئیر کا بھی افتتاح کیا،انہوں نے افسروں اور جوانوں کی مستقبل کے جنگی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔