لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران مفادات کے لیے دست وگریبان، عوام مہنگائی کی آگ میں جل کر رہ گئے۔ قوم کو لڑانے اور تقسیم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن حکمران جماعتیں حالات کی نزاکت کو جانتے ہوئے بھی خطرناک کھیل کھیل رہی ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت جان لے کہ قومی اداروں کو اونے پونے داموں فروخت کرنے کے ایجنڈے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، اقدامات اور قانون میں تبدیلی کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ملکی اثاثے بیچنے کے شوق میں مبتلا حکمران آف شور کمپنیوں اور بیرون ملک بنکوں سے ذاتی اثاثے اور لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں۔ بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے مکینوں کا سب کچھ سیلاب کی نذر ہو گیا، حکمران فوٹوشوٹ کے علاوہ کچھ کرتے دکھائی نہیں دے رہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ایک طرف گھنٹوں لوڈشیڈنگ جاری اور دوسری جانب بجلی کا بل دیکھ کر لوگوں کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں۔ کرپشن اور سودی معیشت نے ہر شعبہ بربادکر دیا۔ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے مل کر پاکستان کو اس نہج پر پہنچایا۔ ایک ایجنڈے کے تحت عوام کو مکمل طور پر آئی ایم ایف کی غلامی میں دھکیل دیا گیا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ استعماری طاقتیں پاکستان کے فیصلے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ملک میں نافذ کرتی ہیں۔ قوم اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرے، مافیاز سے نجات کے لیے جدوجہد کرنا ہر محب وطن شہری پر لازم ہو گیا۔ مارشل لائی حکومتیں اور نام نہاد جمہوری ادوار ڈلیور کرنے میں ناکام، اب ملک کو اسلامی نظام چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستا نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت رکھتی ہے، قوم ہمارا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلوچستان کے سیلابی علاقوں کے تین روزہ دورہ کے بعد بدھ کو منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ دن بھر جاری رہنے والے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال اور جماعت اسلامی کی تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ امیر جماعت اور دیگر قائدین نے جماعت اسلامی بلوچستان کو حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بہترین کارکردگی دکھانے پر مبارک باد دی اور اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں جماعت اسلامی بے پناہ پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔