لاہور ہائی کورٹ نے اسحاق ڈار کی نااہلی کی درخواست پرالیکشن کمیشن اوراٹارنی جنرل کونوٹس جاری کر کے معاونت کے لیے طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں لیگی رہنما و سنیٹر اسحق ڈار کی نااہلی کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اوراٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کر کے معاونت کے لیے طلب کرلیا۔
جسٹس مزمل اختر شبیر نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن سمیت دیگرکو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مقف پیش کیا گیا کہ سینٹراسحاق ڈار ایک کیس میں اشتہاری اور بیرون ملک مقیم ہیں۔
وکیل درخواست نے موقف اختیار کیا کہ چیرمین سینٹ کو اسحاق ڈارکی نااہلی کے لیے درخواست دی، چیئرمین سینٹ نے اس پر فیصلہ نہیں کیا۔ شہری منیر احمد کی درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ داد رسی کیلئے الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کیا گیا مگر اس پر فیصلہ نہیں ہوا۔
درخواست میں عدالت کے سامنے مقف پیش کیا گیا کہ عطا الحق قاسمی کیس میں ساڑھے چار کروڑ اسحاق ڈارنے ادا کرنے تھے جو ادا نہیں کیے گئے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ اسحاق ڈارکو بطور سینیٹر نااہل قراردیا جائے۔