لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ( ن) کے رہنما اسحاق ڈار کی بطور سینیٹر نااہلی کے لئے شہری کی درخواست پر الیکشن کمیشن پاکستان کو نوٹس جاری کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں اسحاق ڈار کی بطور سینیٹر نااہلی کے لئے شہری کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی معاونت کے لئے نوٹس جاری کر دیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کرنے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو فریق ہی نہیں بنایا گیا، الیکشن کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ چیئرمین سینیٹ کو اسحاق ڈار کی نااہلی کا ریفرنس بھیجا، ایک ماہ میں چیئرمین سینیٹ نے فیصلہ نہیں کیا تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا۔
درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن اسحاق ڈار کی نااہلی سے متعلق ریفرنس پر فیصلہ نہیں کررہا، ہر مرتبہ تاریخ پر سماعت ملتوی کر دی جاتی ہے۔عدالت نے اسحاق ڈارکی بطور سینیٹر نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کر دیا۔