گوادر فری زون میں 1.2 ایم جی ڈی ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تعمیر کا کام زور وشور کے ساتھ شروع کر دیا گیا ہے، معاہدے کے مطابق سول ورک اپنے آغاز کے 12 ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گوادر میں پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کی جانب ایک اہم قدم، گوادر فری زون میں 1.2 گیلن یومیہ (MGD) کے ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تعمیر شروع کر دی گئی۔
گوادر پرو کے مطابق چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی ( سی او پی ایچ سی) کا کہنا تھا کہ گوادر فری زون میں 1.2 ایم جی ڈی ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تعمیر کا کام زور وشور کے ساتھ شروع کر دیا گیا ہے، مکمل ہونے پر یہ گوادر کی پانی کی کمی کو نمایاں طور پر دور کر دے گا۔ اس منصوبے کا مقصد سمندر کے پانی کو صاف کرنا اور اسے گوادر شہر کے لوگوں کے لیے محفوظ بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پلانٹ کی تنصیب کے بعد گوادر پورٹ اتھارٹی کی ضروریات کے مطابق اولڈ سٹی ایریا کو پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔
گوادر پرو کے مطابق اس منصوبے کی تخمینہ لاگت 12.7 ملین ڈالرہے، جس کی مالی اعانت چینی حکومت کر رہی ہے۔ منصوبے کا ٹھیکہ چائنا ہاربر انجینئرنگ کمپنی (CHEC) کو دیا گیا تھا۔ اس منصوبے کو ”گوادر کے لوگوں کے لیے لائف لائن” کا نام دیا گیا ہے۔ معاہدے کے مطابق سول ورک اپنے آغاز کے 12 ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔