وزیراعظم اور کابینہ کو عہدوں سے ہٹانے کیلئے دائردرخواست بغیر سماعت کے ملتوی

334

لاہور: اشتہاری ملزمان سے ملاقاتیں کرنے پروزیراعظم اور کابینہ کو عہدوں سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست بغیر سماعت کے ملتوی کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں رہنما تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کی درخواست پر دستاویزات نہ لگانے کے آفس کے اعتراض پر سماعت نہ ہو سکی۔

جسٹس شجاعت علی خان کے راولپنڈی میں ہونے کی وجہ سے آفس کے اعتراض پر سماعت نہ ہو سکی، جج کے اسٹاف نے تمام کیسزآفس کو واپس بھجوا دیے۔

درخواست میں وفاقی حکومت، وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے جس میں تحریک انصاف کی جانب سے مقف اپنایا گیا کہ وزیر اعظم شہبازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیسز زیرسماعت ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ شہبازشریف اوران کی کابینہ نے لندن دورے کے دوران مجرم نواز شریف اوراشتہاری ملزمان سے ملاقاتیں کیں۔ شہباز شریف نے ترکی دورے کے دوران اشتہاری سلمان شہباز کو سرکاری دورے میں شامل کیا ہے۔

وزیراعظم کا حلف انہیں آئین کے تحفظ اور ذمہ داری ادا کرنے کا پابند بناتا ہے۔ درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم نے قانون پرعمل کر کے ملزموں کو گرفتار کروانے کی بجائے ملاقاتیں کیں۔

شہبازشریف اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر کے آئین کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ عندلیب عباس کی جانب سے درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو شہبازشریف اوران کی کابینہ کو نااہل کرکے عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا جائے۔

وزیراعظم کی اشتہاری ملزموں سے ملاقاتوں پر آئی جی پنجاب کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نگران حکومت قائم کرنے کا حکم دیا جائے۔