اسلام آباد:پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جس دلدل میں ہمیں پھنسایا گیا اس سے نکلنا آسان نہیں لیکن حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، پی ٹی آئی کو ووٹ دینا ملک کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جن ممبران کے استعفے منظور ہوئے وہاں ضمنی الیکشن ہوگا، ضمنی الیکشن،2018 میں جو جس پارٹی کا رنر اپ تھا وہی ہمارا امیدوار ہوگا، ریاست کی کمزوریوں کی وجہ سے قبائلی علاقوں میں بدنظمی پیدا ہو گئی،اس حوالے سے اسی ہفتے وزیر اعظم سے ملاقات کروں گا۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پورا کرے گی اور انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔پی ٹی آئی حکومت جانے سے پہلے کہہ رہی تھی کہ 25ارب ڈالرزکے ذخائر پڑے ہوئے ہیں جونہی حکومت بدلی اور ہم نے پتا لگایا توسات اورآٹھ ارب ڈالرز کے درمیان تھے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ منگل اور بدھ کو فنانس، پیٹرولیم اور جتنے بھی ادارے جن کا ملکی معیشت کے حوالہ سے تعلق ہو وہ پوری حکمران اتحادی کی پارٹیوں کو بریفنگ دیں گے اورپھر پوری حکمران جماعتیں اس بریفنگ کو سامنے رکھتے ہوئے معیشت کے استحکام کے لئے اگلے اقدامات کا فیصلہ کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ووٹ دینا ملک کو تباہ کرنے میں حصہ دار بننا ہے اوراس کا کوئی دوسرا معنی نہیں ہوسکتا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے جن پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کر لئے ہیں ا ور انہوں نے ان کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیج دیا ہے اور الیکشن کمیشن نے انہیں ڈی سیٹ کردیا ہے وہاں ضمنی الیکشن ہو گا، اورضمنی انتخاب کے حوالہ سے حکمران اتحاد نے اصولی طور پر فیصلہ کر لیا ہے کہ 2018کے انتخابات میں جس پارٹی کا امیدوار رنر اپ تھا وہی ہمارا متفقہ امیدوار ہو گا،اس پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔