کوئٹہ: بلوچستان کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کے نیتجے میں بدترین سیلابی صورت حال ہے جب کہ ریلوے ٹریک پانی میں ڈوبنے سے کئی فٹ کا حصہ سیلاب میں بہہ گیا، جس کے نتیجے پاک ایران ٹرین سروس معطل ہوگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق بلوچستان کے علاقے دالبندین کے قریب ریلوے ٹریک سیلاب میں بہہ گیا۔ حکام کے مطابق 2 مال بردار ٹرینیں دالبندین اسٹیشن پر کھڑی ہیں۔
دوسری جانب شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے بدترین سیلاب نے احمد وال، دالبندین، یک مچ اور بلوچستان کے دیگر کئی مقامات سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچایا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چاغی ٹریک کی بحالی میں کئی دن لگ لگنے کا امکان ہے۔ سیلابی ریلے کے رک جانے کے بعد ہی مرمت کا کام ممکن ہو گا۔
دریں اثنا چمن میں پاک افغان سرحد پر باب دوستی کو بحال کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل سیلابی صورت حال کے باعث یہ راستہ بند کردیا گیا تھا، جسے آج صبح بحال کردیا گیا، جہاں مسافروں کی آمد و رفت جاری ہے۔ ایک روز قبل بھی گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے راستہ کھولا گیا تھا، تاہم مسافروں کے گزرنے کے لیے آج باب دوستی کو بحال کیا گیا ہے جب کہ اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔