،2 بچے انتقال کرگئے دادو کے علاقے کاچھو میں سیلابی صورت حال کے باعث راستے بند ہوگئے، جب کہ گیسٹرو کی وبا بھی تیزی سے پھیلنے لگی ہے، جس سے دو افراد انتقال کرگئے۔
سیلابی صورت حال کے باعث شہریوں کو طبی سہولیات حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دادو کے علاقے کاچھو میں سیلابی کے بعد صورت حال انتہائی ابتر ہے، شدید بارشوں کے باعث شہروں سے راستے منقطع ہونے کی وجہ سے گیسٹرو کے مریضوں کو علاج میں دشواری کا سامنا ہے۔
دادو کے گاں کنڈو ببر میں 5 سال کا بچہ گیسٹرو کے باعث انتقال کر گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق طبیعت بگڑنے پر 2 بچوں کو جوہی منتقل کیا جا رہا تھا کہ ایک بچہ راستے میں دم توڑ گیا البتہ دوسرے کو تعلقہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو روز میں گیسٹرو کے باعث دو اموات ہوئیں۔ واضح رہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد کیرتھر پہاڑی سلسلے سے نئی گاج ندی میں طغیانی کے بعد دادو میں کاچھو کے کئی دیہات نہ صرف زیر آب آگئے بلکہ کئی دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔