اسلام آ باد: جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے۔اداروں کو بھی اپنے کردار کو جانچنا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، پارلیمنٹ اور حکومت کو سپورٹ ہوگی تو ملک مستحکم ہوگا۔ موجودہ بنچ سے انصاف کی توقع نظرنہیں آرہی ہم عدالت سے فیصلے کا حق نہیں چھین رہے، عدالت سے صرف اتنا کہہ رہے ہیں فل کورٹ بنچ بنایاجائے۔
جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مریم نے جو باتیں کیں وہ اتحادی قائدین کی متفقہ رائے ہے، پارلیمنٹ کو طاقتور بنانا ہے۔ اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے، اداروں کو بھی اپنے کردار کو جانچنا ہوگا، سیاسی استحکام سیمعیشت درست ہوگی، سب کو خود احتساب کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کو سپورٹ کرتے ہیں، انہوں نے جو مواد پیش کیا اسی کو بنیاد بنا کر آگے بڑھیں گے، قوم کواس حد تک نہ پہنچائیں کہ بغاوت پر اتر آئے۔