سیاسی عدم استحکام معاشی قیامت کو جنم دے رہا ہے، شیخ رشید

533

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام معاشی قیامت کو جنم دے رہا ہے، ڈالر مہنگا ہونے کے باوجود آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہیں ہو سکا۔

اسلام  آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد کیا ہے ،کل نہیں تو پرسوں پرویز الٰہی  وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھائیں گے، چوہدری شجاعت پرویزالٰہی کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

سابق وزیر داخلہ  کا کہنا تھا کہ آج سپریم کورٹ میں بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کے حق میں درخواست دائر کی ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے کوئی نہیں روک سکتا،  ان کا ملک پر اتنا ہی حق ہے جتنا کسی اور کا،  نیب قوانین میں ترمیم کے خلاف بھی آنا چاہتے تھے لیکن عمران خان نے اس کی اپیل دائر کردی ہے۔

اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید نے مخدوش ملکی معاشی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 226 کے ڈالر کے ہونے کے باوجود آئی ایم ایف کے ساتھ ابھی بھی بیل آؤٹ معاہدہ طے نہیں پایا۔ اکتوبر نومبر میں عام انتخابات کے علاوہ کوئی حل نہیں۔ پھر کوئی بھی حکومت نہیں کر پائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کا نام ہے۔ تحریک انصاف میں باقی کوئی میٹر نہیں کرتا، جہاں عمران خان ہوگا ہم اس کے ساتھ ہوں گے۔ پرویز الٰہی تحریک انصاف کے نامزامیدوارہیں۔ جہاں ووٹوں کی خریدو فروخت ہو، سمجھیں آصف زرداری پیچھے ہے۔ آصف زرداری خریدوفروخت کی منڈی لگاتا ہے ۔ جہاں ووٹ خریدا اورفروخت ہو رہا ہوسمجھ جائیں آصف زرداری موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور جا رہا ہوں، وہاں  چودھری شجاعت حسین سے بات کروں گا۔ ق لیگ کے پرانے تعلقات ہیں ۔