چوہدری پرویز الٰہی ہی وزارت اعلیٰ کیلئے پارٹی کے امیدوار ہیں، شجاعت حسین

297

لاہور: صدر پاکستان مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین کا وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کی پالیسی پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی ہی وزارت اعلیٰ کیلئے پارٹی کے امیدوار ہیں، جن کو مینڈیٹ ملا حکومت کرنا اس کا حق ہے، ایک بار نہیں دو تین بار پہلے بھی یہی بات کہہ چکا ہوں۔

پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے 22 جولائی کو ہونے والے انتخاب سے قبل چوہدری شجاعت پاکستانی سیاست میں مرکز نگاہ بنے ہوئے ہیں اور چوہدری پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ بننے یا حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ برقرار رہنے کا دارومدار چوہدری شجاعت کے فیصلے پر ہے۔

صدر ق لیگ نے کہا کہ کوئی لیٹر جاری نہیں کر رہا، کسی قسم کے لیٹرز جاری کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مجھے صفائی پیش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، ملکی مسائل کا حل اسی میں ہے کہ گنتی کے چکروں سے باہر نکلا جائے اور غریب آدمی کے مسائل کی طرف توجہ دی جائے۔

چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ جو غریبوں کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہو گا حقیقی معنوں میں اسی کی گنتی پوری ہو جائے گی، جو منتخب ہوئے ہیں وہ عوام کی خدمت کریں، اس فکر میں نا پڑیں کہ ایک دوسرے کو کیسے نیچے دیکھانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو منتخب ہوئے ہیں وہ عوام کی خدمت کریں، اس فکرمیں نا پڑیں کہ ایک دوسرے کو کیسے نیچے دکھانا ہے، ملکی مسائل کا حل اسی میں ہے کہ سال ڈیڑھ سال حکومت کا موقع ملنا چاہیے یا فوری انتخابات ہوں، فوری انتخابات سے مراد فوری ہیں مہینوں میں نہیں۔