اسلام آباد: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چاہیں تو کل حکومت گرا سکتے ہیں،شہباز شریف نئے انتخاب کی تاریخ دیں تو پارلیمنٹ میں جا کر مذاکرات پر تیار ہیں، شہباز شریف فیصلہ کریں آگے کیسے بڑھنا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف ایگریمنٹ ہوچکا ہے، معاہدے کے باوجود مارکیٹ اور کرنسی پر اعتماد بحال نہیں ہورہا،ہماری کوشش ہے سیاسی استحکام کے لیے کردار ادا کریں،22جولائی کو پنجاب میں ہماری حکومت قائم ہوجائے گی۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہناتھا کہ 23جولائی کو ہم راناثنااللہ کے پنجاب میں داخلے پر پابندی عائد کرسکتے ہیں،آصف زرداری بھٹو کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے تو ن لیگ کے ساتھ کیا کھڑے ہونگے، پیپلز پارٹی صوبائی جماعت ہے، آصف زرداری چاہتے ہیں سندھ حکومت ختم نہ ہو۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر نے کرنا ہے کہ وہ خود جائیں گے یا پھر ہم کارروائی کا آغاز کریں، ہم پہلے ہی انتخابات کی طرف جاتے تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی، 3ماہ پہلے ڈالر مستحکم تھا ، لارج اسکیل مینوفیکچر نگ میں اضافہ ہوا، بدترین طریقے سے نیب قوانین میں ترامیم کی گئیں۔