لاہور: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب رانا عبدالجبار کی تعیناتی کو عدالت عالیہ لاہور میں چیلنج کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے درخواست میں وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکریٹری ، اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے دائر درخواست دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب میں ڈی جی اینٹی کرپشن کی تعیناتی خلاف قانون ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بیسویں گریڈ کے افسر کو ڈی جی اینٹی کرپشن کے عہدے پر لگایا نہیں جا سکتا ۔ درخواست کے مطابق رانا عبدالجبار کا وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے ساتھ تعلق ہے، اسی وجہ سے انہیں ڈی جی اینٹی کرپشن لگایا گیا ہے ۔ جب کہ رانا عبدالجبار کے خلاف فوجداری مقدمات چل رہے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ رانا عبدالجبار کو بطور ڈی جی اینٹی کرپشن کام سے فوری روک دیا جائے۔