پی ٹی آئی کور کمیٹی نے پرویز الٰہی کی وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی کے فیصلے کی توثیق کردی

400

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکرقومی اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی بطور وزیراعلی پنجاب نامزدگی کے فیصلے کی توثیق کردی ۔

اجلاس میں پنجاب کے ضمنی انتخابات کے بعد سندھ میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سندھ کے انتخابات کے حوالے سے حکمتِ عملی کے اہم نکات کی بھی منظوری دی گئی۔ملک گیر رکنیت سازی میں تیزی لانے پر بھی اتفاق اورنچلی ترین سطح پر تنظیمی ڈھانچوں کی تکمیل کیلئے موثر تنظیم سازی کی حکمتِ عملی کا بھی احاطہ کیاگیا ۔

پیر کوچیئرمین عمران خان کی زیرِصدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، مرکزی سیکرٹری جنرل اسدعمر، سینئر مرکزی نائب صدور فواد چودھری اور ڈاکٹر شیریں مزاری ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرلز عامر محمود کیانی اور عمر ایوب خان سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی ۔

مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق پنجاب کے ضمنی انتخاب میں تاریخی کامیابی اور بعد کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادل خیال کیاگیا ۔اجلاس میںتحریک انصاف کی آئندہ کی تنظیمی و سیاسی حکمت عملی پر بھی مفصل گفتگوکی گئی جبکہ پنجاب کے ضمنی انتخابات کے بعد سندھ میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے سنگین دبائو کے باوجود کامیاب انتخابی مہم پر ذمہ داران اور کارکنان کوخراج تحسین پیش کیا اورپنجاب بھر میں ریاستی جبر کے باوجود بے مثال انداز میں پولنگ کیلئے نکلنے والے ووٹرز خصوصا خواتین اور نوجوانوں کابھی شکریہ ادا کیا ۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے اس موقع پراپنے کلمات میں کہاکہ پاکستان کلمہ طیبہ لاالہ الا اللہ کی نظریاتی اساس پر قائم ریاست ہے،یہ نظریاتی اساس ملک و ملت کو ناقابلِ شکستہ بندھن میں جوڑتی ہے،پاکستان کی نظریاتی اساس کو کمزور کرنے والے ملک کو کمزور کرتے ہیں، قوم ایک انقلاب کی دہلیز پر کھڑی ہے، جس پر رب کریم کے شکرگزار ہیں ۔

عمران خان نے کہاکہ انتخابات میں ساری قوتیں یکجا، مگر معاملہ روایتی سیاست سے اوپر اٹھ چکا ہے،چیف الیکشن کمشنر نے دھاندلی کرنے والوں کی سہولت کاری کا فریضہ سرانجام دیا ۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے للکارتے ہوئے کہاکہ کہ عوامی قوت کو حقیر سمجھنے کی غلطی کبھی نہ کی جائے، ہمارے معاشی مسائل کا حل ملت کے احیا میں پوشیدہ ہے ۔بیرونِ ملک پاکستانی حقیقی اثاثہ ہیں ۔