دنیامیں ڈھائی کروڑ بچے حفاظتی ٹیکوں سے محروم

552
life-saving

نیو یارک: اقوام متحدہ کے اداروں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)اور چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف)نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق ڈھائی کروڑ بچوں کو جان بچانے والے حفاظتی ٹیکے نہیں لگائے جاسکے جبکہ عالمی سطح پر حفاظتی ٹیکوں کی کوریج میں تنزلی برقرار رہی۔

یونیسف اور ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق تقریبا 30 سال کے دوران بچوں کی ویکسین میں یہ سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے، بچوں کو تین بیماریوں خناق، تشنج اور کالی کھانسی (ڈی ٹی پی 3)سے بچاﺅ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی شرح میں 2019سے 2021کے درمیان 5فیصد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ویکسین کی کوریج 81 فیصد رہ گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کے نتیجے میں صرف 2021میں تقریبا ڈھائی کروڑ بچے ایک یا زائد حفاظتی ٹیکے لگنے سے محروم رہ گئے، یہ تعداد 2020کے مقابلے میں 20لاکھ اور 2019کے مقابلے میں 60لاکھ زیادہ ہے، جس کے سبب بچوں کی بڑھتی تعداد کو بیماری کے خطرات ہیں، جنہیں روکا جاسکتا ہے۔حفاظتی ٹیکوں میں کمی کے متعدد عوامل ہیں جن میں تنازع زدہ علاقوں میں بچوں کا رہنا، جہاں پر حفاظتی ٹیکوں تک رسائی ایک چیلنج ہوتی ہے۔