پاکستان 75 برس سے مافیاؤں اور بدعنوانوں کے ہاتھوں یرغمال ہے، سراج الحق

452
پیکا ترمیمی آرڈیننس حکومت کا فاشسٹ ہتھکنڈا ہے، سراج الحق

لاہور / دیربالا : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مافیاز اور کرپٹ لوگوں نے ملک کو 75برسوں سے یرغمال بنایا ہوا ہے ۔

دیربالا میں بلدیاتی کونسلرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بار بار حکومت کرنے والے عوام کو کارکردگی بتائیں۔ حکمران جواب دیں کہ پاکستان میں ساڑھے 3 کروڑ بچے تعلیم سے محروم کیوں ہیں؟ لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولتیں اور پینے کا صاف پانی تک دستیاب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 35برس سے تین پارٹیاں مسلسل اقتدار میں ہیں، عوام کو بتایا جائے کہ گھنٹوں لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے؟ بارش کے چند قطرے برسے تو پورا سندھ، کراچی اور بلوچستان سیلاب میں بہہ گیا۔ انسان مریخ پر پہنچ گیا ہے اور ہمارے ہاں بچے کوڑے کے ڈھیروں پر رزق تلاش کر رہے ہیں۔ شہروں اور دیہاتوں میں سڑکیں تباہ اور گلی محلے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ آزادی کو سات دہائیاں گزر گئیں، آدھا عرصہ ڈکٹیٹرز کھا گئے اور رہی سہی کسر نام نہاد جمہوری پارٹیوں نے نکال دی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک کے جغرافیہ اور نظریہ کو نقصان پہنچایا اورکشمیریوں کی قربانیوں کا سودا کیا۔ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے اور پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو باعزت رہائی دی گئی۔ بھارت میں مسلمانو ں اور کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں اور ہمارے حکمرانوں نے ابھی نندن کو ہاتھ باندھ کر مودی کے حوالے کر دیا۔

سراج الحق نے کہا کہ مسائل کا علاج اسلامی نظام میں ہے۔ جماعت اسلامی معاشرہ کی تشکیل اسلامی اصولوں پر کرنا چاہتی ہے تاکہ ہماری سیاست، ادارے اور معیشت ٹھیک ہو جائے اور ہر انسان کو اس کے گھر کی دہلیز پر حقوق ملیں۔ آئیے مل کر پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد میں تیزی لائیں۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی عنایت اللہ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی صوبہ خیبر پی کے عبدالواسع، سابق ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ اور امیر ضلع دیربالا حنیف اللہ بھی موجود تھے۔سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے سود کے خلاف 19برس تک عدالتوں میں لڑائی لڑی اور جب وفاقی شرعی عدالت نے سود کو حرام قرار دے کر ملکی معیشت کو اس مکروہ نظام سے پاک کرنے کا فیصلہ دیا، تو مسلم لیگ (ن) کی حکومت سپریم کورٹ پہنچ گئی۔

سراج الحق نے کہا کہ عوام اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہوں اور جاگیرداروں اور وڈیروں کو مسترد کر کے جماعت اسلامی کی اہل اور ایمان دارقیادت کا انتخاب کریں تاکہ اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔