مشکل وقت نکل گیا، آنے والا ہر دن اچھی خبر لائے گا، مریم نواز

336

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہاہے کہ مشکل وقت سے نکل چکے، آنے والا ہر دن اچھی خبریں لائے گا۔

لاہور میں انتخابی مہم کے دوران ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات سستی ہوئی تو میں کئی روز بعد چین کی نیند سوئی،شیر اب شیروں میں آگیا ہے تو شیر بن کر بھی دکھائے گا، شیروں کو شیروں کیساتھ ہونا چاہئے، گیدڑوں کے نہیں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور نواز شریف کا تھا ہے اور نواز شریف کا ہی رہے گا۔ لاہور پر بری نظر رکھنے والوں کو 17 جولائی کو مایوس لوٹنا پڑے گا۔ ایک سال اور نالائق کی حکومت رہتی تو اس نے لاہور کو بھی کھنڈر بنادینا تھا، شکر ہے لاہور ان لوگوں کے پاس آگیا جو دن رات ایک کرکے ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے دن رات ایک کرکے پنجاب کو سجایا، چار سال تک عیدالاضحی پر ہر طرف آلائشوں کے ڈھیر ہوتے تھے، اس بار حمزہ شہباز نے 24 گھنٹے میں پنجاب کی سڑکیں صاف کروا دیں۔ انہوں نے لاہور کے شہریوں سے کہا کہ عمران خان آج لاہور آرہا ہے اس سے پوچھنا تمہارا وزیراعلی کہاں ہے؟ 4 سال بزدار کٹھ پتلی بن کر بیٹھا رہا کسی ایک جلسے میں بھی اس کو دیکھا؟۔ اس نے کچھ کیا ہوتا تو آج منہ دکھانے آتا۔ لاہور کی ترقی کے 4 سال ضائع ہوگئے۔