انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو عمران خان احتجاج کی کال دیں گے، شیخ رشید

274

لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو عمران خان احتجاج کی کال دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو ہو گیاسو ہو گیا، ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے نہیں لڑنا چاہیے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکورٹی تب ملتی ہے جب 5 سیکرٹری بیٹھ کر فیصلہ کرتے ہیں۔ میں شریف فیملی کو تقسیم ہوتا دیکھ رہا ہوں۔ علی پور میں عمران خان کا جلسہ تاریخی تھا۔ عمران خان نے بڑی محنت کی ہے۔ اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو  عمران خان احتجاج کی کال دیں گے۔

شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ جسے زمین بیچی اس کا چیک بھی باؤنس ہو گیا۔ مجھے نوٹس دیں میں حاضر ہوں۔ زمین میری ہے، میں بیچوںیا نہیں، تم مامے لگتے ہو؟۔ مجھے کوئی نوٹس نہیں ملا۔ کل  میڈیا کو خبر دی گئی کہ اینٹی کرپشن نے مجھے بلایا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت  نے پریشانی کے عالم میں پرسوں میری سیکورٹی واپس لی۔حکومت کا دماغ کام نہیں کر رہا۔