لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے ڈوب گئے

417

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، موسلا دھار بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا جبکہ بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا جس سے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی۔

 تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوںمیں گزشتہ روز موسلا دھار بارش ہوئی جس سے جھل تھل ایک ہو گیا ۔ بارش کی وجہ سے شہر کی اہم شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں جس کی وجہ سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔

کئی مقامات پر پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہوتی رہیں۔موسلا دھار بارش کی وجہ سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا اور درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقوںمیں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔

ایم ڈی واسا غفران احمد کے مطابق نشیبی علاقوں میں ایمرجنسی کیمپ فعال کر دئیے گئے ہیں۔تمام ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل استعداد پر چلا رہے ہیں، بجلی کے بریک ڈاﺅن کی صورت میں جنریٹرز کو اسٹینڈ بائے پررکھا ہے۔

انڈر پاسز سے پانی کے بروقت نکاس کیلئے پمپس آپریشنل ہیں۔پنجاب کے دیگر مقامات پر بھی موسلا دھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔