محکمہ انسداد بدعنوانی پنجاب میں شیخ رشید کے خلاف انکوائری شروع

432

راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے خلاف انسداد بدعنوانی پنجاب نے دی لائف ریذیڈینشیا ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد کو اراضی فروخت کرنے کے معاملے پر تحقیقات شروع کردی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد سمیت دی لائف ریذیڈنشیا کے جی ایم حیدر حسن, محمد سرفراز سیال کو 15 جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں۔ اس سلسلے میں حلقہ پٹواری اور راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے افسر کو بھی انکوائری کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

نوٹس میں اینٹی کرپشن پنجاب نے شیخ رشید احمد کو سوسائٹی کو فروخت کی جانے والی اراضی کا مکمل ریکارڈ بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی ہے،سوسائٹی کے جی ایم اور محکمہ مال و آر ڈی اے کے افسران کو تمام بینک اکاونٹ و رقم ادائیگی و وصولی سمیت متعلقہ ریکارڈ کے ہمراہ طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے نوٹس شیخ رشید کو لال حویلی راولپنڈی بھیجا گیا ہے۔