نواب شاہ: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اپنے دور صدارت میں تمام پاورز وزیر اعظم کو منتقل کردئیے تھے، پاورز کے بدلے میں نے 18 ویں ترمیم لے لی تھی، 18ویں ترمیم صوبوں کو مضبوط کرتی ہے، میرا آج بھی اسلام آباد سے جھگڑا ہے، وہ کہتے ہیں تم نے کمزور کیا ہے میں کہتا ہوں مضبوط کیا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بات منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے کہا کہ چند ہفتے سندھ کے دیگر علاقوں میں دورے کرنے کے بعد میں پنجاب جارہا ہوں، ایک دن کا قصہ نہیں ہے ہمارا مذہب ہی پیپلز پارٹی ہے، ہم قبر میں بھی اترتے ہیں تو ہمارے کفن پر پیپلزپارٹی کا جھنڈا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری دلی خواہش ہے کہ اپنی زندگی میں بلاول بھٹوکو ملک کا وزیر اعظم بناؤں، جب سے بلاول وزیر خارجہ بنا ہے میرے دوستوں کے فون آئے ہیں کہ بلاول اچھی منسٹری چلا رہا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ اب مجھے پنجاب میں پیپلز پارٹی کو ٹھیک کرنا ہے، میں اب لاھور میں بیٹھ کر پارٹی کو دیکھوں گا، سندھ کی طرح پنجاب میں بھی پیپلزپارٹی کا وجود ہے مگر وہاں کوئی پارٹی کو دیکھنے والا نہیں ہے۔