اہل لاہور 17 جولائی کو اسلامی انقلاب کی بنیاد رکھیں، ذکر اللہ مجاہد 

429
Islamic Revolution

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اہل لاہور 17 جولائی کو ترازو پر مہرلگا کر اسلامی انقلاب کی بنیاد رکھیں۔ملک و قوم کے مسائل کا واحد حل دیانتدار قیادت اور قرآن وسنت کے نظام کا نفاذ ہے۔

ذکر اللہ مجاہد کا کہناتھا کہ قرآن و سنت کے نفاذ کیلئے پوری قوم جماعت اسلامی کی دیانتداراور باصلاحیت قیادت کا ساتھ دے۔ قوم 17 جولائی کو کرپٹ، چور، لیڑے ، لوٹے اورمفادات پرست سیاستدانوں کا یوم حساب بنا دے۔ ملک کی تینوں بڑی پارٹیوں نے پوری قوم کو مہنگائی کے عذاب،بے تحاشہ بحرانوں اور مسائل میں دھنسا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک وقوم کو دیانتدار اور مخلص قیادت صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے ۔ عوام چوروں لٹیروں اور کرپٹ مافیا سے نجات چاہتی ہے تو17 جولائی کو جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 167 اور 170 کی انتخابی مہم کے سلسلے ڈور ٹو ڈور کمپین اور انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میاں ذکر اللہ مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوںمفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو مقروض اور مفلوج بنا دیا ہے۔آنے والی نسلیں تک بیرونی قرضوں سے مقروض ہوچکی ہیں اور ملکی معاشی نظام مفلوج ہو گیاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن کے سلسلے میں کل 14 جولائی کو ٹاؤن شپ میں بٹ چوک پر ایک عظیم الشان انتخابی جلسہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں ہوگاجس میں اہل لاہور بھر پور شرکت کریں ۔جس میں جماعت اسلامی کی مرکزی و صوبائی اور ضلعی قیادت سمیت بڑی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے۔