لودھراں: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک آصف زرداری ڈاکو سندھ میں بیٹھا ہے صوبہ ترقی نہیں کرسکتا۔ لودھراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی تایخ میں دو بڑے ڈاکو آئے ہیں۔ نواز شریف اور آصف علی زرداری۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ آگے نہیں جاسکتا کیونکہ 14 سال سے ڈاکو سندھ میں بیٹھا ہے، یہ لوگ سندھ کے نام پر سیاست اور چوری کر کے سارے پیسے باہر لے گئے۔ میری پوری کوشش تھی کہ ان ڈاکوؤں کو سزا دی جائے، اس ملک میں کون سی طاقت تھی جو زرداری کو سزا دینے سے روکتی تھی؟
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 9 جولائی کو احسن اقبال کے خلاف ایک ہوٹل میں چور چور کے نعرے لگنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی یہ وہ حقیقت ہے جس سے عوام اب واقف ہوچکے ہیں۔ احسن اقبال کہتا ہے ملک کرپشن کے ساتھ بھی ترقی کرتا ہے۔ 17 جولائی کو ہونے والا ضمنی الیکشن ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے، امریکا نے سازش کرکے ان چوروں کو ہم پر مسلط کردیا ہے۔
عمران خان نے کہاکہ میری حکومت تھی تو کہتے تھے بہت مہنگائی ہے اور جیسے ہی اقتدار میں آئے یہ لوگ مہنگائی کو بھول گئے، انہوں نے آتے ہی 1100 ارب روپے معاف کروائے۔ دال ، چنا کی قیمت 21 فیصد بڑھی جب سے یہ آئے ہیں، مجھے افسوس ہے کہ کچھ لوگ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے، وقت آنے پر بتاؤں گا کہ وہ کون ہے، قوم کا وہ حال ہونے جا رہا جو سری لنکا کا ہوا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ چور پیسے دے رہے ہیں، ان سے پیسے لے لو، ووٹ بلے کو ڈالنا، ہمارا مقابلہ ان چوروں کے ساتھ ہے، نواز شریف، شہباز شریف اور زرداری بھکاری ہیں، ہماری قوم تو غیرت مند ہے، ملک کو مقروض کردیا خود ارب پتی ہو گئے، مسٹر ایکس ان کے ساتھ مل کر الیکشن جتوانے کی تیاری کر رہا ہے۔