چودھری شجاعت سے تعلقات خراب نہیں، محبت زندگی بھر قائم رہے گی، پرویز الٰہی

275
No difference

گجرات: ق لیگ کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے چودھری شجاعت حسین سے تعلقات خراب ہونے یا علیحدگی سے متعلق پھیلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے تعلق اور محبت زندگی بھر قائم رہے گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق چودھری برادران اور مونس الہیٰ سمیت دیگر ق لیگی قائدین نے نماز عید ایک ساتھ ادا کی اور ایک دوسرے کے ساتھ بغل گیر ہوئے۔نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہمیشہ چودھری شجاعت حسین کے لیے دعاگو ہوں۔ ہمارے درمیان افواہیں پھیلانے والے ناکام و نامراد رہیں گے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین سے احترام اور محبت کا جو تعلق ہے جو ان شا اللہ مرتے دم تک قائم رہے گا اور ہمارے درمیان دراڑ دیکھنے والے ہمیشہ ایسے ہی منہ تکتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے کبھی عدالتوں کے فیصلوں کا احترام نہیں کیا۔ سپریم کورٹ پنجاب حکومت کی جانب سے ضمنی انتخابات والے حلقوں میں ترقیاتی کاموں اور ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے ورکرز اور امیدواروں کو اپنے ووٹ پر پہرہ دینا ہوگا کیونکہ شریف برادران ہمیشہ انتخابات میں دھونس، دھاندلی اور حکومتی مشینری کو مخالفین کے خلاف استعمال کر کے جیتے رہے ہیں۔ پرویز الہی کا کہنا تھا کہ  شریفوں کے اس قوم کو غلام بنانے کے خواب ضمنی انتخابات میں چکنا چور ہوجائیں گے اور ضمنی انتخابات میں ان شا اللہ پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کو الیکشن میں شکست فاش ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کے ہر حلقے کا سروے لوٹوں کے خلاف ہے، پنجاب کے عوام ضمنی انتخابات میں ان حکمرانوں کے خلاف فیصلہ سنائیں گے، تجربہ کاروں کی نالائقیاں ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہیں۔ چودھری پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ 17 جولائی کو بلے کو ووٹ دے کر نااہل حکمرانوں سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کریں۔