ایران نے جدید مشینوں کے ذریعے یورینیم افزودگی تیز کردی، آئی اے ای اے

367

ایران نے یورینیم افزودگی تیز کردی، عالمی نگراں ادارے کی رپورٹ
جوہری توانائی کے عالمی نگراں ادارے آئی اے ای اے نے اپنی نئی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایران نے جدید مشینوں کے ذریعے یورینیم کی افزودگی میں اضافہ کردیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے اپنے زیرزمین فردو پلانٹ میں جدید مشینوں کے ذریعے یورینیم افزودگی کی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس عمل میں افزودہ یورینیم کی سطح کو آسانی کے ساتھ تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
عالمی ادارے کی جانب سے اپنی خفیہ رپورٹ رکن ممالک کو بھی فراہم کی گئی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 7 جولائی 2022 کو ایران کی جانب سے جوہری نگراں ایجنسی کو آگاہ کیا گیا کہ اُسی روز اس نے یورینیم افزودگی کی ایک سرگرمی انجام دی ہے۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے حالیہ سرگرمی ایسے وقت میں انجام دی گئی، جب جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے تہران واشنگٹن مذاکرات حال ہی میں تعطل کا شکار ہوئی تھی۔