اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے مادر ملت فاطمہ جناح کو برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا قوم مادر ملت کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مادر ملت کو پاکستان کے لیے خدمات پر قوم سلام پیش کرتی ہے۔ فاطمہ جناح قائداعظم کی بہن ہی نہیں بلکہ ان کی فکری وراثت کی بھی امین تھیں، مادرملت کی زندگی کا بیش تر حصہ اپنے عظیم بھائی کی رفاقت میں بسر ہوا، قائداعظم کی زندگی کے آخری 19 برس فاطمہ جناح اپنے بھائی کے ساتھ رہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ فاطمہ جناح نے عظیم بھائی کےساتھ پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں بھرپورحصہ لیا، قیام پاکستان کے بعدشدید علیل قائد کی خدمت اور تیمارداری میں دن رات ایک کردیا اور اپنے عظیم بھائی کی وفات کے بعد انھوں نے ان کا مشن آگے بڑھانے کا کام سنبھالا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم مادر ملت کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، اللہ تعالی مادر ملت کے درجات بلند فرمائے، آمین۔